پاکستان بھارت سے تعلقات کو مسئلہ کشمیر سے مشروط کرے، ترابی

365

مظفرآباد(صباح نیوز) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے علما کرام ، دینی جماعتوں اور تنظیمات کے تحفظات سے وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان کو آگاہ کیا ، راجا فاروق حیدر نے علما کرام سے مشاورت کے بعد اس مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی ،عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوقاف اور دینی مدارس اور ادارے نظریاتی قلعے ہیں ان کو کمزور اور ان کے لیے مسائل پیدا کرنا عالمی استعمار کا ایجنڈا ہے ایف اے ٹی ایف کا شکنجہ ان اداروں کی امداد میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے یہ نظریاتی خطہ ہے یہاں پر جس پارٹی کی بھی حکومت رہی اس نے ان اداروں کی حوصلہ افزائی کی ہے اسلامی نظام کے نفاذ ،قضا اور افتا کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد اس خطے کا طرہ امتیاز رہا ہے آزادکشمیر کے علما نے مسلکی ایجنڈے سے بالا تر ہو کر ہمیشہ رواداری کو فروغ دیا ہے۔ علاوہ ازیں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے ارکان اسمبلی عبدالرشید ترابی اور سید علی رضا بخاری کی پیش کردہ قراردادوں کو منظور کیا ، قرار دادوں میں اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ حکومت پاکستان بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کے عمل کو مسئلہ کشمیر پر پیش رفت سے مشروط رکھے گی اور عالمی سطح پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لیے تمام وسائل اور دستیاب مواقع بروئے کار لائے گی اور ایک جامع اور جارحانہ سفارتی حکمت عملی کی تشکیل دینے کا اہتمام کرے گی۔ قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کا حصول ہی مسئلے کا حتمی او دیرپا حل ہے۔ مقبوضہ ریاست اور دنیا بھر میں کشمیری تارکین وطن اس ہدف کے لیے مصروف عمل ہیں ۔ حکومت پاکستان اور ریاست پاکستان کا بھی یہی اصولی موقف ہے جسے کسی طور پر کمزورنہیں ہونا چاہیے۔ نیز کشمیر کا ایسا حل جو کشمیریوں کی خواہشات اور بنیادی لائحہ عمل کے مغائر ہو،کو قطعاً قبول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی مصنوعی حل مسلط کرنے کی اجازت دی جائے گی۔