ملک پر اندھی بہری بے حس حکومت ملوث ہے‘ نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا

217

پشاور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و رکن صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کے تمام مطالبات منظور کیے جائیں اور وفاقی حکومت کی طرف سے صوبائی حکومتوں کو جو مراسلہ جاری ہوا ہے اسی تاریخ سے اسپیشل الائونس کا نوٹیفیکیشن جاری کریں۔ بدقسمتی سے اس وقت ملک پر بے حس حکومت مسلط ہے جس کی سننے اور دیکھنے کی صلاحیت ختم ہوچکی ہے اور اپنے عوام پر ظلم کر رہی ہے۔ اپوزیشن سرکاری ملازمین کے ساتھ ہے اور اسمبلی کے اندر یا باہر سڑکوں پر ہر جگہ آپ کے لیے آواز اٹھائے گی۔ وہ صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی خوشدل خان ایڈووکیٹ اور ملک ظفر اعظم بھی عنایت اللہ خان کے ہمراہ تھے۔