راشد نسیم کی زیر صدارت مرکزی منصوبہ کمیٹی کا اجلاس

162

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم کی صدارت میں منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی منصوبہ قائمہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ، سید وقاص جعفری ، شاہد وارثی ، عمیر ادریس سمیت زوم پر تمام صوبہ جات کے سیکرٹریز جنرل اور ڈپٹی سیکرٹریز جنرل، خواتین کا صوبائی نظم اور اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حمزہ علی صدیقی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کی کارکردگی رپور ٹ اور جاری امور کا جائزہ لیا گیا ۔ راشد نسیم نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کی ہر شعبہ زندگی میں خدمات کی عوام کو آگاہی دینے کے لیے بھر پور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی نوعیت کی واحد پارٹی ہے جس نے لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والی شخصیت سراج الحق کو اپنا امیر مقرر کیا ،کسی دوسری پارٹی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہو ںنے کہاکہ جماعت اسلامی ایک جمہوری جماعت ہے ۔ پلڈاٹ جیسے ادارے نے بھی اس کی تحسین کی ہے ۔ جماعت اسلامی موروثی جماعت نہیں ہے ۔ ہر طرح کی کرپشن اور اسکینڈلز سے پاک پارٹی ہے ۔ عوام نے جب بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ، جماعت اسلامی نے امانت و دیانت کے ساتھ خدمت کی ہے ۔ کراچی ، خیبر پختونخوا ، ٹنڈو آدم میں اس کی شاندار مثالیں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اسلامی انقلاب عوام کی خوشحالی کے لیے چہرے ، کپڑے ، پارٹی جھنڈے بدل کر آنے والوں کے بجائے امانت و دیانت ، وفاشعاری اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار قیادت کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔