چودھری شوگرمل کیس‘مریم نواز کا ضمانت منسوخی پر جواب جمع

146

لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چودھری شوگر مل کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست پر جواب جمع کرادیا۔ مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔ جواب میں کہا گیا کہ نیب نے چودھری شوگر مل کیس میں14 ماہ خاموشی اختیار کی پھر طلب کیا، چیئرمین نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر ضمانت منسوخی کی درخواست ئر کی، نیب کے کیسز اور گرفتاریاں آواز دبانے کی کوشش ہے۔مریم نواز نے جواب میں کہا کہ 48 روز تک جسمانی ریمانڈ کے دوران نیب نے تفصیلی تحقیقات کیں، ریمانڈ کے دوران نیب کو تمام اثاثوں کی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، نیب سمیت دیگر اداروں کی خود مختاری پر یقین رکھتی ہوں،نیب نے ضمانتی منسوخی کے لیے پہلے ہی عدالت عظمیٰ سے رجوع کررکھا ہے۔مریم نواز نے جواب میں نیب کی ضمانت منسوخی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے چودھری شوگر مل میں ضمانت منظور کی ۔