حکومت نے عوام کو مہنگائی کے جہنم میں پھینک دیا،مریم اورنگزیب

94

اسلام آ باد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے دیوسائی کے بارے میں ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوے کہا ہے کہ عمران صاحب دیوسائی تک عوام کی رسائی کے لیے سڑکیں محمد نواز شریف نے بنائی ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا محمد نوازشریف کے لگائے پاور ہاؤس سے عوام دیو سائی کو بجلی مل رہی ہے۔ نواز شریف نے قوم کو روزگار اور امن دے کر اس قابل بنایا کہ وہ دیوسائی جاسکیں۔ قوم بھوک، بیماری، مہنگائی اور افلاس سے مر رہی ہے۔ کرپشن کا ڈھول پیٹنے ، جھوٹے الزامات لگانے سے قوم کا پیٹ نہیں بھرا اور روزگار نہیں ملا۔ قومیں روزگار اور تعلیم سے بنتی ہیں، نواز شریف نے قوم کو روزگار دیا، تعلیم، صحت اور معاشی بہتری قوم کو دی، وطن کی تعمیر کی ۔قوم کے پاس روزگار ہو،امن اور امید ہو تو وہ دیوسائی بھی جاسکتے ہیں۔ عمران صاحب آپ نے قوم کو آٹے، چینی، گھی، دال، سبزی کی مہنگائی، روزگار، معیشت کی تباہی کے جہنم میں پھینک دیا۔