بلوچستان کاتعلیمی ادارے بند رکھنے کے فیصلے سے انکار

185

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ صحت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا کی شرح 6 فیصد ہو چکی ، 8 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے این سی او سی کے اجلاس میں کیا۔ ڈاکٹر ربابہ نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کی تجویز دی ہے ، کوروناکی تشخیصی استعداد کار میں اضافے کے لیے این سی او سی لیب قائم کرنے میں معاونت کرے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کورونا سے نبردآزما ہیں، بلوچستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال پر کڑی نظر ہے،بلوچستان میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے حق میں نہیں، ایس او پیز کے تحت تعلیمی سرگرمیاں جاری رہنی چاہییں ۔ گزشتہ سال تعلیمی اداروں کی بندش سے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ میں صوبے کے طلبہ کی شرح بہت کم رہی۔پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کی صورتحال کا مستقل جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم مانیٹرنگ میکنزم کو موثر بنائیں گے،ماس ویکسینیشن کے عمل میں اساتذہ کرام کی ترجیح بنیاد پر ویکسینیشن کی جائے،بلوچستان میں محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم این سی او سی کی گائیڈ لائن کے مطابق اسٹریٹیجی پر عمل پیرا ہیں۔