حکومت عوام کو ویکسین لگانے کا تیز ترین پروگرام بنائے، فرید پراچہ

91

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ لاہور میں بزرگ شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کے انتظامات مستحسن اور قابل تعریف ہیں تاہم حکومت پاکستان کے لیے لازم ہے کہ وہ ملک کے 22 کروڑ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ3 ماہ میں ویکسین لگانے کا تیز رفتار اور قابل عمل پروگرام بنائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو پرائیویٹ لیب اور مہنگے پرائیویٹ اسپتال مافیاز کے حوالے نہ کرے ، جو 10 ڈالر قیمت کی ویکسین کے 12 ہزار روپے سے زاید وصول کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ غریب عوام کی بھلائی کے لیے حکومت خود ویکسین امپورٹ کرے اور اگر اسے توفیق ملے تو غریبوں کو مفت اور صاحب حیثیت کو اسی قیمت پر فراہم کرے یا حکومت ویکسین کے درآمد کرنے کو عام کردے تاکہ مقابلے کی وجہ سے عوام کو ویکسین مناسب قیمت پر مل سکے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ حکومت پرائیویٹ رفاہی اسپتالوں کے ڈاکٹرز اور عملے کو ویکسین خود فراہم کرے ۔ نیز دیہی علاقوں میں بھی فراہمی ویکسین کے لیے موبائل یونٹس قائم کرے ۔