وزیر اعظم کا جہاد عوام اور کشمیریوں کیخلاف ہے، لیاقت بلوچ

153

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مہنگائی بڑھانا ناکام اقتصادی نظام کا شاخسانہ ہے ۔ عمران خان حکومت مہنگائی کنٹرول نہیں کرسکی ۔ بجلی ، گیس ، تیل کی ہوشربا قیمتوں اور ٹیکسوں نے پیداواری لاگت ناقابل برداشت حد تک بڑھا دی ہے ۔ وزیراعظم کا جہاد عوام اور کشمیریوں کے خلاف ہے ۔ یہ جہاد نہیں ظلم اور سنگ دلی ہے ۔ جھوٹے دعوے اور نعرے اب عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے ۔ مہنگائی کے سونامی میں عوام غرق ہو رہے ہیں اور حکومت غرق ہونے جاری ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری سے تنگ عوام کے غصے اور انتقام کا لاوہ پھٹنے والا ہے ۔جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر پر حکومتی انحراف اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے متنازع اور آزادی دشمن آرڈی نینس کے خلاف پوری قوم کو منظم کرے گی اور حکومت کو مجبور کرے گی کہ بزدل اور غیر ذمے دارانہ مجرمانہ کردار چھوڑے ، قومی ترجیحات کو ہی مرکز و محور بنایا جائے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے اسلام آباد میں بزنس فورم کے نمائندگان اور عہدیداران کی نشست میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی اتحاد اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں انتشار ، بلیک میلنگ اور مفاداتی سیاست نے پھربے نقاب کردیاہے کہ لادینیت پر مبنی اتحادی سیاست پاکستان میں اب نہیں چل سکتی ۔ دینی جماعتوں میں مسلکی انتشار اور گروہ بندی نے دینی اتحادوں کی خواہشات کو بھی پامال کردیاہے ۔ ملک کو بحرانوں اور اقتصادی تباہی سے نجات دلانے کے لیے منظم ، بااعتماد ٹیم کے ساتھ جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی نے ماضی کے تجربات کی روشنی میں اتحادی سیاست کے بجائے اپنی بنیاد پر سیاسی انتخابی جدوجہد کا فیصلہ کیاہے ۔ ملک کے مؤثر طبقات اور عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ پاکستان بحرانوں سے نجات پائے گا ۔ معاشی ترقی کے لیے تاجروں ، صنعت کاروں ، سرمایہ کاروں اور زراعت پر ہی مکمل انحصار کرنا ہوگا ۔ آئی ایم ایف کی غلامی 22 کروڑ عوام کو بے وقار کر چکی ہے ۔