پی ٹی آئی کی تبدیلی ، قوم پر عذاب بن کر مسلط ہے، ذکراللہ مجاہد

190

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تبدیلی کے بھیانک خواب سے قوم مایوس ہوچکی ہے۔ کرپشن، لوٹ مار اور مفادات کی سیاست سے ملکی معیشت اور ادارے تباہی کا شکار ہوچکے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے گیارہ سو دنوں میں قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی لاہور میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ، امیر جماعت اسلامی وسطی لاہور شعیب یعقوب مرزا ، سیکرٹری وسطی لاہور عمر شہباز، نائب امیر علاقہ طاہر عزیز، نائب قیم محمد آصف محمود، مفتی عاجز مستقیم سمیت قائدین و ارکان جماعت نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور لاہورکو زیر و ویسٹ بنانے کے حکومتی دعوے کوڑے کے ڈھیر تلے دب چکے ہیں۔ ہوشربا مہنگائی کی وجہ سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔ چینی سرکاری ریٹ 85 روپے کے بجائے 120 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ سبزی منڈی میں سبزی، پھل، گوشت سمیت دیگر مختلف اشیا من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں جبکہ یہی حال دیگر اشیائے ضروریہ کا ہے۔انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی مختلف اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخ پر فروخت کرانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں نے اقتدار سے قبل جس نام نہاد تبدیلی کا خواب قوم کو دکھا یا تھا وہ عذاب بن کر قوم پر مسلط ہے۔