کورونا کی آڑ میں فیصلوں سے عوامی نفرت میں اضافہ ہوگا‘ جاوید قصوری

141

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کورونا کی صورت حال دن بدن گھمبیر ہوتی چلی جارہی ہے۔ لوگ مررہے ہیںجبکہ حکومت اس سنگین صورت حال میں بھی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کرونا ویکسین جو دنیابھر میں 1500روپے میں دستیاب ہے، پاکستان میں اس کی قیمت 8ہزار 4سو روپے ہے۔ کورونا وبا کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے ویکسین مفت فراہم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے مگر اس کو آڑ بناکر لوگوں کو پریشان کرنا ، کاروبار زبردستی بند کروانادرست نہیں۔ اس سے عوام میں حکمرانوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوگا۔ حکومت دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ کرونا کا خوف ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے عاقبت ناادیش فیصلوں کی بدولت عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہوگیا ہے۔ تحریک انصاف کی تبدیلی سے نجات حاصل کرنا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ 22کروڑ عوام تینوں پارٹیوں کی حقیقت جان چکے ہیں۔ ان سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔