نیب کا اجلاس : زرداری، نواز، گیلانی، شہباز سمیت دیگر کیسز کا جائزہ

161

اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو(نیب)کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ،سابق صدر آصف زرداری،سینیٹ میںاپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت دیگرسیاسی رہنمائوں کے خلاف مقدمات میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکوٹرجنرل اکائونٹبلٹی، ڈی جی آپریشن نیب اور نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلزنے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بینک آف خیبر،کے الیکٹرک، این ٹی ایس،روز ویلٹ ہوٹل کی بندش،سندھ فیسٹیول کیس،این آئی سی وی ڈی کراچی،56پنجاب پبلک لمیٹڈ کمپنیز،آٹا اور شوگرسبسڈی ا سیکنڈل کے مقدمات میں اب تک کی گئی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں جعلی ہاوسنگ /کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جعلی ہائوسنگ،کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف تحقیقات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے علاوہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلیے قانون کے مطابق تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ میوچل لیگ اسسٹنٹ کی جو درخواستیں دوسرے ممالک کو بھجوائی گئی ہیں ان پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔نیب کا ایمان کرپشن فری پالیسی ہے۔ نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے خصوصا ورلڈ اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ میں نیب کی آگاہی اور تدارک کی پالیسی کو سراہا ہے جو نیب کیلیے اعزازکی بات ہے۔نیب نے بعض ملزمان کی طرف سے نیب کو حد ف تنقید بنانے پر انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ نیب کو بلا جوا زحدف تنقید بنانے کی بجائے اپنی تمام تر توانائیاں نیب کی طرف سے ان کے خلاف مختلف معزز احتساب عدالتوں میں دائر ریفرنسز کا دفاع کرنے پر خرچ کریں جہاں پر ان کے خلاف مبینہ طور پر کروڑوں /اربوں روپے کے بد عنوانی کے ریفرنسزٹھوس شواہد کی بنیا د پر قانون کے مطابق زیر سماعت ہیں ۔