تاریخ میں پہلی مرتبہ میری حکومت نے شوگر مافیا کو نکیل ڈالی ، وزیراعظم

313

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ شوگر مافیا کو میری حکومت نے نکیل ڈال دی۔یو این ڈی پی پاکستان کی انسانی ترقی کے بارے میں جاری ہونے والی رپورٹ کے اجراء پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حکومت کی ترجیح غریب آدمی کو اوپر لے جانا ہے ، غربت کے خاتمے کے لیے یو این ڈی پی ڈیٹا کی مدد لی جائے گی، ہماری حکومت عوام کو براہ راست سبسڈی دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ دنیا کو سوچنا ہو گا کہ چند افراد کے ہاتھوں میں دنیا کی مال و دولت نہیں ہونی چاہیے ، کورونا سے سب سے زیادہ غریب ممالک متاثر ہوئے ہیں اور دنیا کو ان ممالک کی مدد کرنا ہو گی، اشرافیہ کا دنیا کے وسائل پر قبضہ ترقی پذیر ممالک کے لیے بڑا مسئلہ ہے،دنیاکے ہرانسان کے لیے کورونا ویکسین کا اقدام یقینی بنایا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کھربوں ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ممالک منتقل کیے جاتے ہیں جس سے ترقی پذیر ممالک کو شدید دھچکا لگتا ہے اس لیے دنیا کو منی لانڈرنگ روکنے کے لییبھی اقدامات اٹھانے ہوںگے ۔عمران خان نے کہاکہ کورونا وبا کے دوران امیرافراد امیر تر ہو گئے جبکہ غریب بدترین غربت کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں شوگرمافیا بہت مضبوط ہے ،شوگر ملزمالکان نے سٹے بازی کے ذریعے چینی کی قیمتی بڑھائیں۔