کورونا: مزید103اموات،آٹھویں جماعت تک تدریسی عمل 28اپریل تک معطل

197

اسلام آباد/لاہور/کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر+خبرایجنسیاں) کورونا وائرس سے مزید103 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 184 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 35 ہزار 569، سندھ میں 2 لاکھ 66 ہزار 926، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 33، بلوچستان میں 19 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 61، اسلام آباد میں 62 ہزار 211 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 529 کیسز رپورٹ ہوئے۔ادھرپاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارشد منیر کوروناکے باعث خالق حقیقی سے جا ملے۔ وہ فیصل آباد میں بطور ریڈیالوجسٹ خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ڈاکٹر ارشد منیر کی عمر61 سال تھی۔ گزشتہ کئی روز سے کورونا کے باعث نجی اسپتال میں زیر علاج تھے ۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکولز 28 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ نویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت کھلیں گے۔ کیمبرج کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہو ں گے ، کورونا سے متاثر ہ اضلاع میں یونیورسٹیز بند اور آن لائن تعلیم جاری رہے گی ۔ کورونا وباء کی تیسری لہر کے باعث تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل سے متعلق( منگل) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے۔اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور ساتھ ہی امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسلام آباد کے محکمہ صحت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو مزید چند دن بند رکھنے کی تجویز دیتے ہو ئے کہا گیا کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کم ہونے تک تعلیمی اداروں کو نہ کھولا جائے۔ اسلام آباد میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بھی زیادہ ہے۔ این سی او سی اجلاس کے بعد وزیر تعلیم شفقت محمو د نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا ہر ضلع کورونا سے متاثر نہیں ہے اس لیے جو اضلاع متاثر ہیں وہاں کلاس ایک سے آٹھویں تک اسکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھا جائے گا اور 28 اپریل کو دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ اسکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے اسکولز کھولے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع سے متعلق صوبے فیصلہ کریں گے کہ کن اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا جائے جب کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی تا ہم آن لائن تعلیم جاری رہے گی ۔ وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ9 سے 12 ویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے سے لیے جائیں گے، یعنی یہ امتحانات 24 مئی سے پہلے نہیں ہوں گے اور امتحانات سخت ایس او پیز کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بھی داخلوں کو آگے کرنے کا کہا ہے کیونکہ امتحانات تاخیر سے ہوں گے تو نتیجہ بھی تاخیر سے آئے گا، بورڈ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اس معاملے پر بات کرکے فیصلہ کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے علاوہ دنیا بھر میں کیمبر ج کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں اور یہاں بھی اے لیول اور او لیول کے امتحانات اپنے وقت پر شیڈول کے مطابق ہوں گے، ملک میں ایسے طلبہ کی تعداد کم ہے جو یہ امتحانات دے رہے ہیں اس لیے یہ طلبہ اپنے امتحانات کی تیاری جاری رکھیں، کیمبرج نے کہا ہے کہ وہ مکمل ایس او پیز کے ساتھ امتحانات کا انعقاد کریں گے۔ ادھر کورونا کی تیسری لہر کے باوجود بلوچستان حکومت نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے یا نہ کرنے کا معاملہ صوبوں کی صوابدید پر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے تاہم تمام ادارے ایس او پیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔مزید برآں پنجاب بھر میں جیلوں میں قیدیوں کو ان کے اہل خانہ سے ملاقات پر پابندی عاید کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پابندی آئندہ 10 روز تک جاری رہے گی جبکہ آئی جی پولیس جیل خانہ جات نے صوبے کی تمام جیلوں میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں جب کہ ہڑپہ میوزیم کو بھی 11اپریل تک بند کردیا گیا ہے۔