ڈاکٹر عبد القادر سومرو شہید: الخدمت اسپتال میں ایک روزہ عطیہ خون مہم

400

کراچی: الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کے بانی ڈاکٹر عبدالقادر سومرو صاحب کورونا وبا کی پہلی لہر کے دوران مریضوں کی خدمت کرتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

اس سلسلے میں الخدمت فریدہ یعقوب کی انتظامیہ نے آج کا دن ڈاکٹر عبدالقادر سومرو شہیدکے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کے اعادہ کے طور پر منایا، شہید کے لئے دعا مغفرت سے دن کے آغازکیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ نے ایک روزہ عطیہ خون کی مہم کا انعقاد کرتے ہوئے مفت جنرل اور گائینی آرایم او اوپی ڈی کا اہتمام بھی کیا گیا، مریضوں کے لئے کنسلٹنٹ او پی ڈی میں 30 فیصد رعایت جبکہ گائنی الٹراساؤنڈ اور خون کے ٹیسٹ میں پچاس فیصد رعایت دی گئی۔

اس موقع پر موجودہ ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر  عبد القادر سومرو شہیدسندھ میں خدمت انسانی کے مشالی پیکر اور قابل تقلید کردار کے حامل عظیم انسان تھے،جن کے جاری کئے ہوئے منصوبے ان کے لئے صدقہ جاریہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کا عملہ سومرو صاحب کے مشن کی تکمیل کے لئے اپنے کردار کو سنوانے اور خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دینے میں کوشاں رہے گا،ہم  الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کومعیاری ادارہ بنانے اور خدمات میں توسیع کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اسپتال کے عملے نے اور اہل علاقہ نے عطیہ خون کی اس مہم میں حصہ لیااور ڈاکٹر سومرو کے مشن کے ساتھ منسلک رہنے کا اعادہ کیا۔