یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستانیوں کے پیغامات

311

قرارداد پاکستان کی 81 ویں سالگرہ کی مناسبت سے سعودی عرب میں مقیم وطن کی محبت سے سرشار پاکستانیوں نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
جدہ میں میمن برادری کے سرگرم رکن سراج آدمجی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کسی کتاب کا ایک سرورق ہوتا ہے، اسی طرح پاکستان کی کتاب کا سررق 23 مارچ ہے۔ انگریزوں کے جانے کے بعد یقیناً ہم ہندو سامراج کے غلام ہو جاتے، لیکن رب عظیم نے ہمیں مملکت خداداد پاکستان عطا کی اور پھر اسے جوہری صلاحیت والی قوت بھی بنایا۔آج ہم سیاسی اور اخلاقی انحطاط کا شکار ہیں۔ وقت کی دوڑ کے ساتھ ثابت قدم رہنے کے لیے ہمیں اپنے اخلاق درست کرنا ہوں گے اور سیاست میں رواداری اور صبروتحمل کا وصف پیدا کرنا ہوگا۔
چیئرمین پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم (سعودی عرب) عابد شمعون چاند نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ کا دن وطن عزیز پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آج ضرورت اس چیز کی ہے کہ ہم اپنے تمام اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے آپس میں متحد ہو جائیں۔ آج 74 سال گزرنے کے بعد بھی ہمیں اتحاد اور محبت کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو پروان چڑھانے کے لیے انفرادی و اجتماعی طور پر علامہ اقبال کا شاہین بننا ہوگا۔
پاک سعودی فرینڈ شپ کے چیئرمین اور معروف بزنس مین چودھری خالد رشید نے کہا کہ 23 مارچ کو اللہ تعالیٰ نے ایک ریاست اسلام کی بنیاد رکھنے کی توفیق عطا فرمائی، جسے کامیابی کے ساتھ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں حاصل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم، مضبوط اور اسلامی نظام کے تحت چلانے کے لیے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی طور پر دین کے بتائے ہوئے احکامات اور ریاست مدینہ کے نظام کے مطابق اپنے معمولات کو ڈھالنا ہوگا۔