چین سےدرآمد سنگل ڈوزویکسین5 اپریل سے لگائی جائے گی، این سی او سی

303

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق چین سے درآمد کی گئی سنگل ڈوز کورونا ویکسین کین سائنو  بائیو عوام کو لگانے کا عمل 5 اپریل سے شروع کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ (آج) کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  کا اجلاس وفاقی وزیر  اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزماں کی زیر صدارت ویڈیولنک کے ذریعے ہوا جس میں ملک میں بڑھتے کورونا کیسز اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث 594آکسیجن بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پشاور  اور  سوات میں آکسیجن بیڈز کو بڑھا دیا گیا ہے۔

دوسری  جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  نے 65 سال تک کی عمر کے افراد کے لیے ویکسی نیشن سینٹر  پر سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہےکہ کین سائنو  بائیو سنگل ڈوز ویکسین ہے اور  عوام کو ویکسین لگانے کا عمل 5 اپریل سے شروع کیا جائے گا۔

خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں ملک میں بڑھتے کورونا کیسز اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ پاکستان میں چین سے درآمد کی گئی سنگل ڈوز کورونا ویکسین 5اپریل سے لگائی جائے گی اس کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

واضح رہے سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 84 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد  اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 697 ہوگئی جبکہ 4 ہزار 723 نئے کیسز بھی سامنے آگئےہیں  اور کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 82 ہزار 888 ہوگئی ہے۔