مہرے مہرے ہی ہوتے ہیں، شاطر نہیں

586

سیاست بھی ایک نہایت بے رحم کھیل ہے۔ یہ ایک ایسی بساط ہے جس پر پھیلے ہوئے کسی بھی مہرے کے متعلق یہ پیش گوئی مشکل ہے کہ کسے کب چلایا اور کب پٹوایا جائے گا۔ صرف ایک پیادہ بڑھ جانے سے جنگ کا نقشہ بدل کر رہ جاتا ہے اور مخالف کو اپنی پہلے سے سوچی چال کا اعادہ کرنا پڑ جاتا ہے۔ ایک معمولی لغزش بساط کو بالکل الٹ کر رکھ دیتی۔ کبھی ایسا ہوتا ہے کہ شاطر ہر جانب سے مخالف کی چال میں گھرا ہو محسوس ہوتا ہے اور کبھی گھرا ہوا شاطر صرف ایک پیادے کی چال چل کر دوسرے شاطر کے پسینے چھڑا کر رکھ دیتا ہے۔ پاکستان کے میدان سیاست میں ایک طویل عرصے سے شطرنج کے مہرے ایک دوسرے کے ساتھ برسرِ پیکار ہیں۔ مہروں کے ساتھ سب سے بڑا المیہ یہ ہوتا ہے کہ یہ سب ’’شاطروں‘‘ کے محتاج ہوتے ہیں۔ نہ کسی چال میں ان کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور نہ ہی یہ بذات ِ خود ایک قدم بھی چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالم یہ ہے کہ شاطروں کی غلط چالوں اور ناقص منصوبہ بندیاں ان کو پیادوں سے مروا دیتی ہیں اور بادشاہ سلامت گھوڑوں کے شکنجے میں پھنس کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو جایا کرتے ہیں۔
پاکستان میں کئی مرتبہ بہت سارے سیاسی اتحاد سمندر کے طوفانوں سے بھی کہیں زیادہ خوفناک انداز میں اٹھے لیکن انجامِ کار جھاگ کی طرح بیٹھ کر رہ گئے۔ اگر سیاسی اتحادوں کے پس منظر میں دیکھا جائے تو یہ شطرنج کے بے زبان و بے جان مہروں سے زیادہ کچھ اور نظر نہیں آ سکتے۔ نہ تو یہ طوفانوں کے انداز میں از خود اٹھتے ہیں اور نہ ہی جھاگ کی طرح بیٹھ جانے میں ان کا کوئی عمل دخل ہوتا ہے۔ عوام و خواص کو یہ بات خوب اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ مہرے صرف مہرے ہی ہوا کرتے ہیں۔ ہوتا یہ ہے کہ جب کسی چاندی کی انگوٹھی پر سونے کا پانی چڑھا دیا جائے تو وہ اپنے تئیں خود کو ’’سونا‘‘ سمجھنے لگتی ہے اور اس کی بڑائی اسے چاندی سے دور کردیتی ہے لیکن سونے کی ملمع سازی کا یہ مطلب کبھی نہیں ہوتا کہ وہ ’’نسلی‘‘ کہلائی جائے۔ جونہی پرت اترنا شروع ہوتی ہیں، سارا غرور خاک میں مل کر رہ جاتا ہے۔ جب سیاست کی شطرنج کی بساط پر مہرے سجانے والے مہر سجا لیتے ہیں تو نجانے کیوں یہ سب مہرے اپنے آپ کو شاطروں کا شاطر کیوں سمجھنے لگتے ہیں۔ بے شمار مرتبہ دھوکا کھانے کے بعد بھی یہ بات عقل سے ماورا ہے کہ آخر ہر مرتبہ چاندی کی انگوٹھیاں اپنے آپ کو چاندی سے الگ کیوں سمجھ بیٹھتی ہے۔ جے یو آئی کے وردی پوش جس انداز میں اسلام آباد میں چڑھ دوڑے تھے لگتا تھا کہ یہ موج بلا خیز طوفان نوح کی طرح سب کچھ بہا کر لے جائے گا لیکن وہ یہ بھول بیٹھے تھے کہ یہاں تک لانے والے بھیجنا بھی خوب اچھی طرح جانتے ہیں۔ پی ڈی ایم تشکیل دی گئی تو لگا پورے پاکستان کی زمین تپِ محرقہ کی طرح کپکپانے لگی ہے لیکن پھر کیا حشر ہوا یہ سب کے سامنے ہے۔
موجودہ حکومت کے لیے پی ڈی ایم میں شامل پی پی پی کا اچانک اپنا قبلہ بدل لینا بے شک بہت خوش کن محسوس ہو رہا ہوگا اور وہ عوام جو پی ٹی آئی کو سپورٹ کر رہے ہیں، ان کے قدم تو مارے خوشی، زمین پر ہی ٹک کر نہیں دے رہے ہوں گے لیکن وہ کب اور کس گھڑی اداسیوں کی گہری دلدل میں جا گریں، اس کے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پی ٹی آئی اس وقت بہت سکون میں ہے اور پی ڈی ایم نزع کا شکار دکھائی دیتی ہے لیکن شاطر کے ذہن میں کیا منصوبہ بندی ہے اس کا اندازہ ہر دو جانب شاید ہی کسی کو ہو۔ کہتے ہیں کہ ’’ہرجائی‘‘ ہرجائی ہی ہوتا ہے۔ بے شک موجودہ حکومت پی ڈی ایم میں بہت بڑا شگاف ڈالنے میں کامیاب ہو گئی ہے لیکن ’’ہرجائی‘‘ شاید اپنی منصوبہ بندی کے مطابق مسلسل آگے کی جانب بڑھتا چڑھتا نظر آ رہا ہے یا ’’ہرجائی‘‘ کا ’’شاطر‘‘ اپنی بساط پر اپنے مہروں کو درست انداز میں حرکت دے رہا ہے۔ ہرجائی نے کہا تھا کہ ہم نے ایک مورچہ (گیلانی کو سینیٹ میں لانے کا) سر کر لیا ہے۔ اب ہمارا ہدف پنجاب کو قابو میں کرنا ہے پھر عدم اعتماد کو کامیاب بنانا ہے۔ ہم عمران خان تمہیں چین سے نہیں بیٹھنے دیں کے۔ یہ الفاظ دیکھیں اور مسلسل اہداف کی جانب بڑھتے رہنا دیکھیں۔ سینیٹ میں جگہ بنانے کے بعد قائد حسب اختلاف کا عہدہ سنبھال لیا۔ اب یقینا ان کا دوسرا ہدف پنجاب اور آخری ہدف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا ہو گا۔ پہلے ہی عرض کیا جا چکا ہے کہ پاکستان کی سیاست کی بساط پر سارے سیاستدان فقط مہرے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کرپشن کے سلسلے کو جاری رکھ کر پوری ریاست کو غیر ممالک کے ہاتھوں گروی رکھنا ہے یا گلاب کی شاخوں کو چھانٹ کر چمن کے نکھار میں اضافہ کرنا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ چھٹائی کی صورت میں حکومت اکثریت کھو دینے کو تیار ہوتی ہے یا پاکستان بھر کے بد عنوانوں کے ساتھ مملکت کا سودا منظور کرتی ہے۔ ظاہر ہے مملکت کو بچانے کے لیے یا تو کاٹ چھانٹ ہو گی، چھٹائی کی صورت میں جب حکومت اکثریت کھودے گی تو پھر ’’جمہوری‘‘ طریقہ پی پی پی کو خود ہی کرسی اقتدار پر لے آئے گا۔ لہٰذا ’’یوتھیے‘‘ جو تالیاں بجا رہے ہیں، چند ماہ بعد بغلیں بجانے پر بھی مجبور ہو سکتے ہیں اس لیے کہ شطرنج کے مہرے صرف مہرے ہی ہوا کرتے ہیں، شاطر نہیں۔