مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی دہشت گردی جاری، مزید3نوجوان شہید

329

سرینگر(اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں 3 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کاکہ پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے آپریشن کے دوران ایک گھر کو بھی بارودی مواد سے تباہ کردیا۔ نوجوانوںکی شہادت پر علاقے میں زبر دست بھارت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے۔ بھارتی فوجیوںنے مظاہرین پر فائرنگ کی ، پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے برسائے جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ 5شدید زخمیوں کو سرینگر کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔بھارت کے ذیر قبضہ جموںوکشمیر کی علاقائی جماعتوں کے رہنماں ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ ، محبوبہ مفتی ، علی محمد ساگر، محمد اکبر لونِ ، سید روح اللہ مھدی اور جی اے میر نے اپنے بیانات اور ٹویٹس میں کہا کہ اگر بھارت دنیا کا ایک بڑا جمہوری ملک ہے تو پھر وہ اپنا یہ دعویٰ جموںوکشمیر کے لوگوں کا یہ مطالبہ مان کر ثابت کرے کہ جو کچھ 5اگست2019کو ان سے چھینا گیا وہ انہیں واپس کر دے۔ انہوںنے 370اور 35اے کی دفعات کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے لیے ریاست کے درجے کی بحالی کا مطالبہ کیا۔