سوڈان: دہشتگردانہ حملوں میں امریکی اموات، واشنگٹن کی 335 ملین ڈالرز کی وصولی

383

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بتایا ہے کہ سوڈان میں دہشت گردانہ حملوں میں ہونے والے امریکی جانوں کے نقصان پر سوڈان نے امریکا کو 335 ملین ڈالرز ادا کردیے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انتھونی بلنکن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ امریکہ نے سن 2000 میں کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارت خانوں ، یو ایس ایس کول پر 1998 میں ہونے والے بم دھماکوں کے امریکی متاثرین اور یو ایس ایڈ کے مقتول ملازم جان گرینول پر سوڈان سے 335 ملین ڈالرز وصول کرلیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاوضے کا حصول امریکا کی اولین ترجیح رہی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ سوڈان کو اس ادائیگی کے بعد ملک میں جاری بدامنی سے نمٹنے کا حل ملے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس عمل کے ساتھ امریکہ اور سوڈان تعلقات ایک نیا باب شروع کرسکتے ہیں۔ امریکہ سوڈان کے ساتھ اپنے باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے کا منتظر ہے۔

واضح رہے کہ 1998 میں سفارت خانے کے حملوں اور یو ایس ایس کول پر بمباری کا دعوی القاعدہ نے کیا تھا جس نے 1990 کی دہائی کے دوران سوڈان کو اپنی کارروائی کے اڈے کے طور پر استعمال کیا تھا۔