آئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کردی

563

دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی جبکہ بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے اور او ڈی آئی بالرز رینکنگ میں قومی فاسٹ بالر محمد عامر کا نواں نمبر ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کم انز کی نمبر ون پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارتی لیگ سپنر روی چندر اشوین دوسرے، نیوزی لینڈ کے جیل ویگنر تیسرے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے اور آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی بالرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے اور افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں اور آسٹریلیا کے ایشٹن ایگر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی باؤلرز رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلی پوزیشن پر ، افغانستان کے مجیب الرحمان دوسری اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری تیسرے نمبر پر آگئے ۔

واضح رہے آئی سی سی ترجمان  کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں اپنی جگہ نہیں بنا سکا۔