کرونا وائرس: سندھ میں شادی ہالز بند، مارکیٹوں کیلئے نئے اوقات کار جاری

238

کراچی:سندھ حکومت نے کورونا قواعد و ضوابط سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں 6 اپریل سے شادی ہالز مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تمام تجارتی سرگرمیاں کیلئے اوقاات کار میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا قواعد و ضوابط سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے، جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق نئی پابندی کا اطلاق 11 اپریل تک نافذ العمل رہےگا ،محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں 6 اپریل سے شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی، اور شادی ہالز کو بھی 6 اپریل سے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ریسٹورنٹس میں بھی اندر کھانے پر پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں جلسے، جلوسوں سمیت سماجی تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کاروبار سے متعلق نئے اوقات بھی نافذ کیے گئے ہیں، جس کے مطابق صوبے میں تمام کاروباری مراکز صبح 6 سے رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی،جبکہ دفاتر میں 50 فیصد عملہ گھروں سے کام کرے گا، دفاتر اور عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔