پناہ گزینوں کی ملک بدری پر انسانی حقوق تنظیم کی اردن کو وارننگ

340

ہیومن رائٹس واچ نے اردن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمنی پناہ گزینوں کو ملک بدر نہ کرے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہیومن رائٹس واچ نے اردن کو انتباہ کیا ہے کہ زبردستی جلاوطنی سے پناہ گزینوں کو یمن میں جاری خانہ جنگی کا دوربارہ سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

انسانی حقوق تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اردن کے حکام نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) میں رجسٹرڈ کم از کم چار یمنی پناہ گزینوں کو ملک بدر کردیا ہے اور پناہ کے دعوے کرنے والے دوسرے افراد کے خلاف ملک بدری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں اپنے امیگریشن کی حیثیت کو باقاعدہ بنانے اور کام کرنے کے اجازت نامے کے لئے درخواست دینے کی یمنی باشندوں کی کوشش کے بعد اردنی حکام نے ان کے ملک بدری سے متعلق احکامات دیئے۔

مزید کہا گیا کہ جنوری 2019 کے بعد سے اردن کی ایک منظم پالیسی اور ضابطے نے یو این ایچ سی آر کو شامی پناہ مہاجرین کے علاوہ کسی اور کو مہاجر اور پناہ گزیں تسلیم کرنے سے روک دیا ہے۔