طلباء کی سہولت کے لیے جامعہ کراچی اور این ٹی ایس لاجسٹک کے مابین معاہدہ

567

کراچی(اسٹاف رپورٹر) طلباء کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لئے جامعہ کراچی کے کیمپس میں برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں چلائی جائیں گی۔جامعہ کراچی اور این ٹی ایس لاجسٹک کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز وائس چانسلر سیکرٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔

مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور این ٹی ایس لاجسٹک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد عمر نعمان نے دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق این ٹی ایس لاجسٹک جامعہ کراچی کے طلبہ کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے برقی توانائی سے چلنے والیاں گاڑیاں فراہم کرے گی۔

معاہدے کے مطابق پہلے مرحلے میں 6 تا 23 نشستوں پر مشتمل مختلف الیکٹرک گاڑیاں چلائی جائیں گی اوران گاڑیوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔مذکورہ معاہدے سے نہ صرف طلبہ کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ فضائی آلودگی کم کرنے میں بھی مددملے گی۔برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کی موجودگی کو تمام داخلی دروازوں پر یقینی بنایا جائے گا اور ان گاڑیوں کی الیکٹرک چارجنگ یونٹ اور پارکنگ کے لئے جامعہ کراچی جگہ مختص کرکے دے گی۔