سید عبدالرشید کا نقصان پہنچانے والے کتے کو مارنے پر انعام کا اعلان

925

کراچی: رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعتِ اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید نے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کتے کو مارنے پر انعامی رقم کا اعلان کردیا۔

ایم پی اے کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق سید عبدالرشید کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سرکار کی ذمہ داری ہے۔ کتوں کے کاٹنے کے کیسزز پر مسلسل خاموشی افسوسناک ہے۔

رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ لیاری پی ایس 108 کے مکینوں کی کتوں سے حفاظت کے لیے نقصان پہنچانے والے کتے کو مارنے والے شہری کو 108 روپے کا انعام دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے پیچھے بلا وجہ کتے بھاگتے ہیں جن سے خوفزدہ ہو کر شہری حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔

سید عبدالرشید نے کہا کہ کتے کے کاٹنے کی ویکسین بھی نہیں اور کتے کو مارنے کی دوائی بھی نہیں تو بتایا جائے کیا انسانوں کو مارنے کے لیے انکو پالا جا رہا ہے۔

رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ جن کو کتوں سے محبت ہے وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کتوں کو اپنے گھر پر پناہ دیں اور ان کے کھانے کا انتظام کریں۔ اب اگر کسی کی کتے کے کاٹنے پر موت ہوئی تو پرچہ متعلقہ ادارے کے خلاف خود درج کراؤں گا۔