الحاق پاکستان کنونشن تحریک آزادی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا‘ ریحانہ خان

351

مظفر آباد (نمائندہ جسارت) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی مرکزی وائس چیئرمین ریحانہ خان نے کہاکہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین تھوراڑ میں 31مارچ کو ہونے والا الحاق پاکستان کنونشن تحریک آزادی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ مسلم کانفرنس نے نظریہ الحاق پاکستان اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو تقویت بخشی۔ تھوراڑ کی سرزمین پر رکن قانون ساز اسمبلی سردار صغیر خان چغتائی کی قیادت میں قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان، صدر مسلم کانفرنس مرزا محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری مہرالنسا اورآزادکشمیر سے آئے ہوئے مہمانوں کاپرتپاک استقبال کیاجائے گا۔ ہم چیئرمین یوتھ ونگ سردارعثمان علی خان کے شکرگزار ہیں، جنہوں نے تھوراڑ کے مقام پر الحاق پاکستان کنونشن منعقد کرنے کافیصلہ کیا۔ ہم مسلم کانفرنس تھوراڑ کے تمام کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 31مارچ کے کونشن کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دیں اور کنونشن کی کامیابی کے لیے مسلم کانفرنس یوتھ ونگ، ایم ایس ایف، ٹریڈ ونگ، لائرونگ کے عہدیداران و کارکنان کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام ترتوانائیاں صرف کریں۔ سردارعثمان علی خان کی محنتوں اور کاوشوں کے باعث اس سے قبل آزادکشمیر بھر میں یوتھ کنونشن منعقد کیے گئے۔