ن لیگ نے مظفر آباد کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا‘ پیپلز پارٹی

185

مظفر آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رکن سینٹرل ایگزیکٹو کونسل و امیدوار اسمبلی حلقہ 3 مظفر آباد شیخ اظہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی نااہل حکومت نے شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کررکھا ہے، جبکہ فاروق حیدر خان کی توجہ کا مرکز صرف ان کا محل اور تعمیر ہونے والے پلازے پر ہے۔ فاروق حیدر خان نے 2011ء کے الیکشن میں عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ گزشتہ روز کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ اظہر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ عوامی حقوق کی بات کی ہے۔ برسر اقتدار آکر عوامی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے تعمیروترقی خوشحالی کے سنہری دور کا آغاز کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ مظفرآباد شہر میں جگہ جگہ کھلے مین ہول، دو دریائوں کے سنگم میں ہونے کے باوجود پینے کے صاف پانی کے مسائل حکومتی نااہلی کا ثبوت ہیں۔ وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے انتخابات میں عوام پائی پائی کا حساب لیں گے۔ ووٹ کی پرچی سے مسلم لیگ(ن) کو شکست ہوگی اور پیپلزپارٹی پورے آزادکشمیر سے کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اس لیے نہیں ہوتیں کہ عزیز و اقارب سمیت من پسند افراد کو نوازا جائے بلکہ اس لیے ہوتی ہیں کہ عوامی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔