اجے کمار کے قتل پر پولیس کی انکوائری قبول نہیں، پی ایف یو جے

566

سکھر (نمائندہ جسارت) پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر لالا اسد پٹھان کی قیادت میں بدھ کے روز سکھر، روہڑی، شکارپور، خیرپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، گھوٹکی سمیت مختلف اضلاع کے صحافیوں پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران نے صالح پٹ پہنچ کر مقتول صحافی اجے کمار لولائی کے ورثا سے ملاقات کی اور صحافی کے قتل پر اظہارِ افسوس و مذمت کیا۔ انہوں نے لواحقین کومقتول کے قاتلوں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے پی ایف یو جے صحافی برادری کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں لالا اسد پٹھان کی قیادت میں صحافیوں فوٹو جرنلسٹس نے صالح پٹ تھانہ کے سامنے دھرنا 6د یا، صحافی رہنماؤں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری، قرار واقعی سزا، ڈی ایس پی سطح پر پولیس کی انکوائری کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور انتباہ کیا کہ قاتلوں کی عدم گرفتاری کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائیگا۔ دھرنے میں پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبران آصف ظہیر خان لودھی، امداد بوذدار، ایس یو جے سکھر کے صدر سلیم سہتو، جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی، سینئر نائب صدر جلال الدین بھیو، سکھر پریس کلب کے صدر نصراللہ وسیر، جنرل سیکرٹری یاسر فاروقی، روہڑی یو جے کے صدر عبدالجواد عباسی، شکارپور کے صدر آغا اسرار پٹھان، ابراہیم بروہی، رحمت اللہ سومرو، نوشہرو فیروز یو جے کے صدر زاہد قائم خانی، ضلع گھوٹکی کے صدر اسد پتافی، جنرل سیکرٹری خیرپور یو جے نوید کھوڑوودیگر نے شرکت کی۔