جسٹس فائز کی اہلیہ نے فواد چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

462

اسلام آباد:سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ سرینا عیسی نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق سرینا عیسی ٰنے توہین عدالت  کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی، انہوں نے یہ درخواست فواد چوہدری کی جانب سے دو روز قبل جسٹس قاضی فائز عیسی کے حوالےسے کے گئے ٹوئٹ پر دائرکی۔ درخواست میں سرینا عیسٰی نے استدعا کی ہے کہ فواد چوہدری کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، فواد چوہدری نے جسٹس فائز عیسٰی کو ‘انڈر ٹرائل جج’ کہہ کر توہین عدالت کی ہے۔

سرینا عیسٰی کا کہنا ہےکہ فواد چوہدری کا بیان ظاہر کرتا ہےکہ حکومت نے عدالت میں خفیہ کیمرے لگا رکھے ہیں،حکومت جاسوسی کر رہی ہے اور کیس کی سماعت براہ راست دکھائے جانےکی مخالف ہے۔  درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فواد چوہدری کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیا جائے،فواد چوہدری کو اپنےحلف کی خلاف ورزی پر عہدے سے فارغ کیا جائے۔

خیال رہے کہ  گزشتہ دنوں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہفتے سے سپریم کورٹ کے ایک انڈر ٹرائل جج کی تقریریں سن رہے ہیں، اگر جواب دیا تو دکھ ہوا سے توہین ہوگئی کے بھاشن آجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ محترم اگر اپ کو بھی اپنے گاڈ فادر افتخار چوہدری کی طرح سیاست کاشوق ہے تو مستعفیٰ ہو کر کونسلر کا الیکشن لڑ لیں مقبولیت اور قبولیت دونوں کا اندازہ ہو جائیگا۔