یورپی یونین کا ترکی سے کشیدہ تعلقات بہتر کرنے مطالبہ

290
برسلز: یورپی یونین کے سربراہان تُرک صدر کے ساتھ وڈیو کانفرنس کررہے ہیں

برسلز/ انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے ساتھ کھچاؤ اور کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں یورپی یونین کے رہنماؤں نے تُرک صدر رجب طیب اردوان سے کشیدگی میں کمی اور اعتماد سازی کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین کے رہنماؤں نے ترک صدر رجب طیب اردون کے ساتھ برسلز اور انقرہ کے باہمی روابط سے متعلق آیندہ ہفتے ہونے والی سربراہی بات چیت سے قبل اس بارے میں جمعہ کی شام اس وڈیو کانفرنس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات چیت کے بعد یورپی کمیشن کی خاتون صدر ارزولا فان ڈئر لائن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہم نے یورپی یونین اور ترکی کے مابین مزید مثبت ایجنڈے کے لیے دوطرفہ کشیدگی میں مسلسل کمی کرنے اور اعتماد سازی کو مزید تقویت دینے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یورپی کمیشن کی صدر نے بات چیت کے دوران ترکی میں مقیم شامی پناہ گزینوں کی صورت حال کے ساتھ ساتھ لیبیا اور شام کے تنازعات کی صورت حال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب ترک صدر نے کونسل آف یورپ کے ایک اہم معاہدے سے علاحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان کے اس فیصلے کی حمایت میں ان کی کابینہ میں شامل خاتون وزیر برائے خاندان، مزدور اور سماجی پالیسی زہرا زمرد سلجوک کا کہنا ہے کہ ملکی دستور خواتین کے حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے، اور ملکی عدالتی نظام بھی بہت باوقار ہے، جو خواتین کے لیے مقررہ ضوابط کے نفاذ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ 2011ء میں خواتین کے حوالے سے اس معاہدے کو حتمی شکل دی گئی تھی۔