این اے 249 ضمنی الیکشن: امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے استعفی دیدیا

648

کراچی: این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر پی ٹی آئی میں شدید اختلافات سامنے آئے ہیں، جبکہ  تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے احتجاجا استعفیٰ دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات کے لئے تحریک انصاف کی جانب سے امجد آفریدی کو ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے، تاہم امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے پر پی ٹی آئی قیادت میں سخت اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

پی ایس 116 سے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے امجد آفریدی کو پارٹی ٹکٹ دینے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے استعفیٰ دیدیا ہے، انہوں نے اپنا استعفی اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بھجوا دیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ ہ جو شخص یوسی اور صوبائی اسمبلی کا الیکشن ہار چکا ہے ان کو کس بنیاد پر ٹکٹ دیا گیا، انہوں نے کہا کہ امجد آفریدی حلقے میں غیر مقبول ہے، یہ سیٹ ہر حال میں جیت کر وزیراعظم کو تحفے میں دینی ہے اس لیے استعفیٰ دیا۔

اس سے قبل شہزاد اعوان نے پارلیمانی بورڈ کو خط لکھا تھا کہ امجد آفریدی ایک کمزور امیدوار ہے، اور حلقے کی مقامی قیادت ان کو اسپورٹ نہیں کرے گی، امجد آفریدی پی ٹی آئی ضلع ویسٹ کراچی کے صدر ہیں اور انہوں نے آج تک یوسی کا بھی الیکشن نہیں جیتا، تو قیادت نے کس بنیاد پر قومی اسمبلی کے انتخابات کے لئے انہیں پارٹی ٹکٹ دے دیا۔