ذاتی مکان کا خواب پورا کریں، 2 منزلہ گھر، قیمت صرف 30 لاکھ

1649

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہنگائی کے اس دور میں ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے کی امید جاگ اٹھی، کورین کمپنی نے ملک میں پری فیبریکیٹڈ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پری فیبریکیٹڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے 4 مرلے پر ڈبل اسٹوری گھر 7 روز میں تعمیر کیا جائے گا جس کی مالیت تیس لاکھ روپے ہوگی، یہ گھر پری فیبریکیٹڈ ہوں گے اور ان کی تعمیر کے لیے سمنٹ، اینٹیں اور ریتی کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی بلکہ میٹل یا لکڑیاں درکار ہوں گی۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ماڈل گھر کی تعمیر کے لیے کورین کمپنی نے ملک میں پری فیبریکیٹڈ ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔ پری فیبریکیٹڈ گھر کم قیمت اور پائیدار ہوں گے۔جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف 1 ہفتے میں 2 منزلہ گھر کی تعمیر ممکن ہوگی۔

ماہر تعمیرات کا کہنا ہے کہ ایسے گھر قدرتی آفات کے دوران بھی مضبوط رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پری فیبریکیٹڈ گھر کی معیاد پچاس سال ہوتی ہے لیکن دنیا کے دیگر ممالک میں یہ کافی عرصے تک مستحکم رہتے ہیں، امریکا میں اس ٹیکنالوجی کی بنیاد پر بڑی تعداد میں گھر بنائے جاتے ہیں۔

نہ کھدائی، شٹرنگ، سیمنٹ سریا کا مسئلہ، نہ ہی چُنوائی رنگائی کی فکر اور ہفتوں مہینوں کا انتظار بھی ختم، اب من پسند گھر دنوں میں تیار ہوں گے، وہ بھی تمام سہولیات سے آراستہ اور موسمی حالات سے بھی مکمل ہم آہنگ۔

پری فیب ٹیکنالوجی نے اپنا اور سستا گھر بنانے کے خواہشمندوں کی بڑی مشکلیں آسان بنادیں۔ 5 مرلے کا گھر صرف ایک ہفتے میں تیار ہوگا۔

ماہرین کہتے ہیں حکومت ساتھ دے تو یہ گھر اور بھی سستے بن سکتے ہیں، 3 سے 4 مرلے کیلئے وقت اور لاگت میں مزید کمی ہوجائے گی، اگر حکومت صرف زمین مہیا کرے تو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے لوگ موجود ہیں، ہر قسم کی سہولت اور بنیادی ضروریات سے آراستہ گھر بنائے جاسکتے ہیں۔

روایتی گھروں کے مقابلے میں سستے اور تیزی سے تعمیر ہونیوالے یہ گھر اگر عام ہوجائیں تو ہر خاندان کو اپنی چھت باآسانی میسر آسکتی ہے۔