امریکا کے ہاتھ سے وقت نکلتا جارہا ہے‘ ایران

220
تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف ۱پالیسی مرکز سے خطاب کررہے ہیں

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے سابق صدر ٹرمپ سے کچھ مختلف نہیں کیا۔ یورپی پالیسی مرکز میں خطاب کرتے ہوئے جواد ظریف کا کہنا تھا کہ جون میں ایران کے صدارتی انتخابات سے قبل امریکا کے پاس جوہری معاہدے سے متعلق سمجھوتا طے کرنے کا وقت ہے۔ واشنگٹن کے ہاتھ سے وقت نکلتا جارہا ہے اور اگر اس نے جلدی نہ کی تو دوبارہ معاہدے میں شامل ہونے کے لیے آیندہ سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔ جواد ظریف نے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے ابھی تک ٹرمپ دور کے فیصلوں سے ہٹ کر کچھ نہیں کیا۔ معاہدے میں واپسی سے متعلق ہمارا صرف اتنا مطالبہ ہے کہ امریکا بات چیت سے قبل جوہری معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے تمام پابندیاں ختم کرے اور سابق انتظامیہ والی غلطیاں نہ دوہرائے جانے کی ضمانت دے۔ یاد رہے کہ 2015 ء میں امریکا نے ایران کو جوہری ہتھیار سے روکنے کے لیے یورپی ممالک کے ساتھ مل کر ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا تھا، تاہم 2018 ء میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یک طرف فیصلہ کرتے ہوئے معاہدہ ختم کردیا اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کردی تھیں۔