حکومت کا سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

381

حکومتِ پاکستان نے سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سول ڈرون اتھارٹی کے قیام کا مقصد ڈرون ٹیکنالوجی کا فروغ اور شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے۔ اتھارٹی کے پاس ٹیکنالوجی کو ریگولیٹ کرنے، لائسنس کا اجرا اور پیداوار کی اجازت کے اختیارات ہوں گے۔

اتھارٹی ڈرونزکی مینوفیکچرنگ،آپریشنز،ٹریننگ اورریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی ذمے داریاں سر انجام دے گی۔ اتھارٹی کوجرمانے اور سزا، لائسنسوں کی تنسیخ اور قانونی چارہ جوئی کے اختیار بھی حاصل ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اتھارٹی ڈرون ٹیکنالوجی کےفروغ، اس کی ملک میں پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے وسائل کا موثر استعمال اور سروس ڈیلیوری کی بہتری میں مدد ملے گی۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے پہلی ڈرون پالیسی مرتب کرنے کے لیے قانون سازی کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی تھی۔