ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری جاری

155

اسلام آباد: خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مری میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نےبالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے جس کے بعد ہوائیں مزید سرد ہوجائیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے جبکہ سوات، اپر اور لوئر دیر اور بنوں میں رات سے جاری بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے  ، کالام کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو رہی ہے ، مری میں بھی کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں مظفر آباد ، باغ ، نکیال اور قریبی علاقوں میں بارش ہورہی ہے ، پہاڑوں پر برفباری سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں استور ، غذر اور دیامر میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا ، پنجاب ، بلوچستان ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی توقع کی جارہی  ہے۔