مرغی مہنگی ہونے سے عوام پریشان، دکانداروں کا بھی نقصان

416

کراچی: ملک بھر کے بیشتر شہروں میں مرغی کی قیمت آسمانوں سے بات کرنے لگی، مرغی کی قیمتوں میں اضافے سے سفید پوش طبقہ شدید پریشان ہے، مرغی مہنگی ہونے سے شہری پریشان ہوگئے اوردکانداروں کا بھی نقصان ہونے لگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے کہتے ہیں کہ لوگوں نے مرغی خریدنا ہی کم کردی ہے، کراچی میں کمشنرکی لسٹ میں زندہ مرغی کی قیمت 214روپے کلو درج ہے جبکہ دکانوں پر زندہ مرغی 370سے 430روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔

اسی طرح کوئٹہ میں 270 روپے میں فروخت ہونے والی مرغی کی قیمت 470 روپے کلوتک پہنچ گئی، بکرے کا گوشت مہنگا فروخت ہونے کے سبب شہری مرغی کا گوشت استعمال کرکے اپنا گزر بسر کرتے تھے لیکن اب وہ بھی مشکل ہوگیا ہے۔

ایسے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ مرغی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لینا تو دور کی بات ہے، پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے اب تک مارکیٹ میں مہنگی ہوتی اشیاء خورونوش کا سروے ہی نہیں کیا گیا جس پر گراں فروشوں نے اپنی من مانیاں شروع کر رکھی ہیں۔

شہریوں نے حکومت سے مرغی کے گوشت سمیت دیگر اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان قریب ہے اور وزیر اعظم جب سے آئے ہیں یہی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن اب تک  اشیاؤں کی قیمتیں کم کرنے کے لیے کچھ بھی عملی اقدامات نظر نہیں آئے ہیں۔