کراچی میں فائرنگ سے چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی

263

کراچی کے علاقے لیاری میں کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چینی شہری سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی لیاری سرفراز نواز کے مطابق واقعہ لیاری کے شاہ عبد الطیف بھٹائی روڈ پر بغدادی پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں دو مسلح موٹر سائیکل سوار افراد نے ایک کار پر آج صبح فائرنگ کی۔

سرفراز نواز کے مطابق واقعے میں ایک چینی شہری جاسون اور خالد نامی شخص زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دونوں افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ چینی شہری معمولی زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ خالد نامی شخص کو پیٹ میں گولی لگی، اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سندھ رینجرز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کے مطابق فائرنگ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کی کا رپر کی گئی۔