حیدرآباد:اسمال ٹریڈرز ،گلوبل بزنس ،فورم میں معاہدہ

85
حیدر آباد،اسمال ٹریڈرز اور ونزگلوبل کے درمیان معاہدے کے بعد دستایزات کا تبادلہ ہورہا ہے

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سیکرٹری جنرل عبدالوحید کے اعلامیہ کے مطابق صدر چیمبر سلیم الدین قریشی کی سربراہی میں ونز گلوبل بزنس فورم پاکستان اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے درمیان باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب چیمبر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ چیمبر کی سب کمیٹی انٹرنیشنل اَمور کے کنونیئر دولت رام لوہانہ اور ونز گلوبل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زین العابدین نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت فریقین عالمی صنعتی نمائشوں اور اِس قسم کی ملکی اور غیر ملکی سطح پر ہونے والی تقاریب میں حصہ لینے اور صنعتی و تجارتی سطح پر ترقی کی مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ونز گلوبل زین العابدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر کو حیدرآباد کی مصنوعات کو ملکی اور غیر ملکی سطح پر نمائش میں رکھنے کےلیے کم شرحوں پر صنعتی اسٹالز فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن، نائب صدر احمد ادریس چوہان، سابق صدر محمد اکرم انصاری، ونز گلوبل کے ڈائریکٹر آپریشنز و انٹرنیشنل اَمور سید امین اللہ حسینی، ڈائریکٹر میڈیا و فنانس وسیم احمد، چیمبر کی سب کمیٹی انٹرنیشنل اَمور کے اراکین محمد فرحان اقبال، محمد عارف میمن، شیخ احمد حسین، محمد یاسین خلجی، محمد یونس ملک، ڈاکٹر الٰہی بخش اور محمد اسد کھتری موجود تھے۔