عورت کی اصل آزادی اللہ کے عطا کردہ نظام میں ہے، جاوید قصوری

114

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے محنت کش عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مضبوط خاندانی نظام کی اکائی عورت ہے۔ بچیوں کی اچھی تعلیم و تربیت پڑھے لکھے معاشرے کی ضامن ہے۔ اسلام نے عورت کو عزت والا بلند مقام عطا کیا ہے۔ پاکستان میں خواتین کی تعداد کل آبادی کا 52فیصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب و ثقافت سے متاثرہ کچھ این جی اوز ہمارے خاندانی نظام کو عورت کی آزادی کے نام پر تباہ و برباد کرنا چاہتی ہیں۔ ایسی مادر پدر آزادی معاشرے کی اخلاقی ا قداروں کو پامال کرنے اور تباہی کے دہانے پر پہنچانے کی سازش ہے جس کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔ تحفظ حقوق نسواں کے علمبر دار مغربی ممالک میں خواتین کو سب سے زیادہ جنسی زیادتی اور سماجی عزت و احترام سے محرومی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا کے بڑے بڑے غیر مسلم ممالک اپنی ننگی تہذیب سے تنگ آکر تیزی سے دین فطرت اسلام کی طرف راغب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ حقوق اسلام نے عورت کو دیے ہیں۔ یہ ہر روپ میں قابل عزت و احترام ہے۔ عورت خواہ ماں ہو، بہن، بہو ، بیوی ،بیٹی ہو ہر لحاظ سے بلند مقام رکھتی ہے۔ بد قسمتی سے چند ایک واقعات کو جواز بنا کر جو واویلا اور اوچھے ہتھکنڈے شروع کردیے جاتے ہیں، اس کا مقصد عورت کو گھر کی چار دیواری سے نکال کر رونق بازار بنانا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عورت کی اصل آزادی اللہ کے عطا کردہ نظام میں ہے۔ اسلامی نظام کے نفاذ تک عورت کا استحصال بند نہیں ہوسکتا۔ حکومت پاکستان حقوق نسواں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 35اور 37 جی پر من و عن عمل در آمد کروائے۔ ایسے ڈرامے جن سے خاندانی نظام تباہ و برباد ہونے کا خدشہ ہو ، فوری پابندی لگائی جانی چاہیے۔ جماعت اسلامی ملکی ترقی میں عورت کے مثبت اور فعال کردار کی حامی ہے۔ خواتین کی عزت و قار اور تحفظ کے لیے 11فروری سے تحریک چلارہی ہے جو کہ ملک بھر میں جاری ہے۔