بھارت: کسان احتجاج میں عورتوں کی بھرپور شرکت

284
نئی دہلی: عالمی یوم خواتین کے موقع پر کسان تحریک کے تحت عورتیں احتجاج کررہی ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں مودی سرکارکے متنازع زرعی قانون کے خلاف کسانوں کے احتجاج میں خواتین تحریک کا ساتھ دینے کے لیے دہلی پہنچنا شروع ہو گئیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مختلف ریاستوں سے 50 ہزار خواتین کا گروہ دارالحکومت کی طرف بڑھ رہا ہے۔ احتجاج کے ساتھ کاشکاروں نے ریاستی انتخابات میں نریندر مودی کے خلاف مہم بھی تیز کردی۔ احتجاج کے سلسلے میں ہریانہ، راجستھان، اترپردیش اور پنجاب سے ہزاروں کسان خواتین دہلی پہنچ رہی ہیں۔ ادھر مظاہرین سے خوف زدہ مودی سرکار نے دہی کے ارگرد کے راستے بند کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ ہریانہ اور اترپردیش سے شہر کی طرف آنے والی شاہرایں بند کر دی گئی ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کا ہجوم بڑھتا جارہا ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب بھارت میں ایک اور کسان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے کسان نے مودی کے ظالمانہ قوانین سے تنگ آکر خود کو درخت پر پھانسی لگا کر جان دے دی۔