اثاثہ جات کیس میں مریم نواز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

135

لاہور (نمائندہ جسارت) قومی احتساب بیور و نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات انکوائری میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات انکوائری میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نیب لاہور کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے کیپٹن (ر) صفدر کی بے نامی دار ہونے کے شواہد ملے ہیں‘ کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز کے نام پر سندر میں109 ایکٹر اراضی، موضع مال میں377 کنال 12مرلے، موضع بدوکی میں 62 کنال 2 مرلے اور رائیونڈ روڈ پر14کنال ایک مرلے کی قیمتی زمین خرید رکھی ہے، جبکہ مریم نواز تحصیل رائیونڈ میں200 ایکٹر اراضی کی بھی بے نامی دار ہیں۔ نیب دستاویزات کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کے ذرائع آمدن کیا ہیں؟ مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے حکم میں کہا ہے کہ قانون کے مطابق رابعہ عمران اور عمران علی ایک ماہ میں عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے، دونوں کے پیش نہ ہونے پر عدالت ان کو اشتہاری قرار دیتی ہے اور عدالت تفتیشی افسر کو حکم دیتی ہے کہ دونوں کی جائدادوں کی تفصیلات آئندہ سماعت پر جمع کرائی جائیں۔