پائلٹس کے مشتبہ لائسنس اسکینڈل کی تحقیقات جاری

98

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے پائلٹس جعلی لائسنس کیس تحقیقات کے لیے سائبر کرائم ماہرین سے معاونت لینے کا فیصلہ کر لیا، سائبر کرائم ٹیم پائلٹ لائسنس کے امتحانات اورلائسنس اجرا کے لیے زیر استعمال کمپیوٹر سسٹم کے لاگ اِن اور پاس ورڈز استعمال کا جائزہ اور فرانزک آڈٹ کرے گی ، سسٹم کے فرانزک آڈٹ کے ذریعے لائسنس کے اجراء میں ملوث افسران و اہل کاروں کی ممکنہ طور پر نشان دہی ہوسکے گی۔ باخبر ذرائع کے مطابق پائلٹس جعلی لائسنس کیس کی تحقیقات کرنے والی ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی ٹیم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی طاہر عمر سمیت دیگر افسران سے تفتیش کے ساتھ تکنیکی معلومات بھی حاصل کیں، ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم گزشتہ ہفتے 2 دن سی اے اے کے متعلقہ شعبے میں موجود رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک آڈٹ کے بعد ملوث افسران اور اہل کاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے تحقیقات میں سی اے اے لائسنسنگ برانچ میں مبینہ طور پر افسران کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔تحقیقات کے دوران سورس کوڈ کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ یاد رہے ا س کیس میں پی آئی اے کے پائلٹ اور سی اے اے کے چند افسران پہلے ہی گرفتار ہیں۔