کراچی پریس کلب کے زیراہتمام خواتین کے اعزاز میں تقریب

93

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین کے عالمی دن کے موقع پرکراچی پریس کلب کے زیراہتمام بلقیس ایدھی اورمختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پرکراچی پریس کلب کی دیوار پر معاشرے میں اہم کردار ادا کرنے والی خواتین کی تصاویری نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا، رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ربن کاٹ کر نمائش افتتاح کیا اوربلقیس ایدھی کوان کی نمایاں خدمات پر شیلڈ پیش کی گئی۔کراچی پریس کلب کے صدرفاضل جمیلی ، کراچی پریس کلب کے سیکرٹری جنرل محمد رضوان بھٹی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ ایدھی فاؤنڈیشن کی بلقیس ایدھی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پرمجھے مدعو کیا گیا ہے مجھے بہت خوشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا حسن خواتین سے ہے ،ایدھی صاحب خوابوں میں آتے ہیں، وہ حقیقی معنوں میں مجھے انسان بنا گئے،لڑائی جھگڑے سے کچھ حاصل نہیں میاں بیوی مل کر گھر کو چلائیں،ایدھی صاحب میرا شیر ببرتھا جو چلا گیا،ایدھی صاحب دنیا سے چلے گئے لیکن سب کام سکھا گئے ہیں،اب ہمیں اپنے کام میں کوئی مسئلہ نہیں ہے،عورتوں کے حقوق کے لیے لکھو عورت کو عزت دی جائے تو وہ جان بھی دے سکتی ہے۔ بلقیس ایدھی کا کہنا تھا کہ عورت وفادار ہے وہ کسی سے دھوکا نہیں کرتی اس کے دم سے ہی تو معاشرے میں رونقیں ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکرٹری اطلاعات رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اب عورت کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا اور نا ہی عورت کو کسی مائیک کی ضرورت ہے عورت کے حوالے سے سیاسی بصیرت کی ضرورت ہے۔ حقوق نسواں کی صوبائی وزیر شہلا رضا کا کہنا تھا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پران خواتین کو نہیں بھول سکتے جہنوں نے ملک اور معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہو خاتون کے بغیر کوئی تحریک مکمل نہیں ہے یہ دن خواتین کی آگاہی کا دن ہے یہ ان ان خواتین کادن ہے جو اپنے گھر والوں کی کفالت کر رہی ہیں۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹرسیمی جمال کا کہنا تھا کہ خواتین کے دن کا مطلب ہے عورت کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں تعلیم یافتہ بنائیں،خواتین اب بہت سے اداروں کی سربراہی کررہی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اداکار سعود نے کہاکہ میری ماں بیوی اور بیٹی میرے گھرکی رونق ہے۔ کراچی پریس کلب کی نائب صدر شازیہ کا کہناتھاکہ ،آج خواتین کا دن ہے بلقیس ایدھی آئی ہیں ،میری ملاقات ان سے ایک بچی کے حوالے سے ہوئی تھی انہوں بہت تعاون کیا تھا۔