کورنگی برانچ میں رشوت کے عوض ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا انکشاف

283

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورنگی میں مبینہ رشوت کے عوض ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے اہلکار اسلم میرانی کو معطل کردیا گیا، اسلم میرانی 2500 سے 3ہزار روپے کے عوض بغیر میڈیکل چیک اپ اور ڈرائیونگ کا امتحان لیے لائسنس بنا کر دیتا تھا۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک شہری کی جانب سے بنائی گئی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اہلکار اسلم میرانی کو معطل کرکے ڈی ایس پی ارشد صدیقی کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ وڈیوبنانے والے شہری نے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے میں نے فیس جمع کرائی تونظر کے ٹیسٹ میں فیل ہوگیا پھر میرا کسی نے میرانی سے رابطہ کرایا، بغیر ٹوکن حاصل کیے میرانی نے مجھے سیدھا اندر بلالیا، فیس کے علاوہ مجھ سے3ہزار مانگے گئے تو25 سو میں معاملہ طے پایا تھا۔ شہری نے بتایاکہ اسی وقت ٹوکن نکلوا کر دوبارہ سے پراسس شروع کرا دیا، نہ میڈیکل ٹیسٹ ہوانہ ڈرائیونگ ٹیسٹ، سب کچھ کلیئرکرادیا، ایک روز کے اندر میرے گھر پر کوریئر سے لائسنس آگیا تھا۔