اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا نقصان

342

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوکاروبار حصص میںشدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 786.29پوائنٹس کی کمی سے 45051.06 پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ76.79فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی ،مندی کے سبب بہت سے چھوٹے سرمایہ کاروں کو بھاری جھٹکا لگااورمارکیٹ کے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 9 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 44.96فیصدزائد رہا۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میںکے ایس ای100 انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 46435پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں ملکی سیاسی افق پر غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا رجحان بڑھ گیا جس کے نتیجے میں مندی چھاگئی اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس 45ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 44848پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس45ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحان آخر تک غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 786.29پوائنٹس کی کمی سے 45051.06 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 303.10پوائنٹس کی کمی سے 18870.73 پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 437.11 پوائنٹس کی کمی سے30964.91 پوائنٹس اورکے ایم آئی 30 انڈیکس 1503.59 پوائنٹس کے خسارے سے 74909.30پوائنٹس رہ گیا۔