جامعہ اردو گریڈ کم کرنے پر غیر تدریسی ملازمین میں تشویش کی لہر

224

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کا10مارچ بروز بدھ ہونیوالے43 ویں سنڈیکیٹ اجلاس میں اصل گریڈ کے بجائے کم گریڈ میں کیڈر تبدیل کر کے2018ء میں مستقل کیے جانے والے متاثرہ ملازمین کا معاملہ سنڈیکیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہ کرنے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،متاثر ہ ملازمین میں گریڈ 11، گریڈ 14، گریڈ 15 اور گریڈ16 کے11 ملازمین تھے جن کی حق تلفی کرتے ہوئے اصل گریڈ کے بجائے کم گریڈ میں انہیں مستقل کر دیا گیا تھا جبکہ وفاقی اردو یونیورسٹی کی انتظامیہ اور انجمن غیر تدریسی عمال ویلفیئر ایسوسی ایشن گریڈ1تا16گلشن اقبال کیمپس معاملے پر ایک دوسرے کے سامنے آ گئے ہیں ،انجمن غیر تدریسی ملازمین گلشن کیمپس نے بدھ کو ہونیوالے سنڈیکیٹ اجلاس میں تمام متاثرہ غیر تدریسی عمال کو سنڈیکیٹ سے منظوری لیکر انہیں اصل گریڈ اور اصل عہدے پر منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جامعہ کے رجسٹرار کوہنگامی درخواست جمع کرا دی ہے ۔اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ سال2018ء میں جامعہ اردو کی سابق انتظامیہ نے 11غیر تدریسی عمال کوان کے اصل گریڈ کے بجائے گریڈ کم کر نے کے ساتھ ان کا کیڈر تبدیل کر کے مستقل کر دیا تھا۔ دوسری جانب جامعہ اردو کی انجمن غیر تدریسی عمال ویلفیئر ایسوسی ایشن گریڈ1تا16گلشن اقبال کیمپس کے جنرل سیکرٹری سید ریحان علی نے8مارچ2021ء کو رجسٹرار کے نام ہنگامی درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2018ء میں مستقل کیے گئے گریڈ16کے چند آفس اسسٹنٹ کو ان کے اصل گریڈ اور عہدے پر بحال کیا جائے کیونکہ سابق انتظامیہ نے ان عمال کو سینئر کلرک گریڈ11میں مستقل کر دیا تھا اور بدھ کو ہونیوالی سنڈیکیٹ میں 10متاثرہ ملازمین کو اصل گریڈ اور عہدے پر بحال کرنے کی منظوری لی جائے ۔