محکمہ ترقی نسواں کے تحت اسمبلی بلڈنگ سے پریس کلب تک ریلی

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ ترقی نسواں سندھ کے تحت سندھ اسمبلی بلڈنگ سے کراچی پریس کلب تک خواتین ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کی قیادت صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا نے کی جبکہ ریلی میں سیکرٹری ترقی نسواں سندھ انجم اقبال جمانی اور نوجوان خواتین و مرد حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا کو گلابی و جامنی رنگ کی خوبصورت چھتریاں بھی تقسیم کی گئی تھیں۔ ریلی کی شرکاء خواتین ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں کا نغمہ گاتی رہیں ۔ ریلی کی شرکاء نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف بینرز و پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی کے پریس کلب پہنچنے پر صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر بالخصوص سندھ کی خواتین کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کا دن خواتین کی قربانیوں اور جدوجہد کی نسبت پہچانا جاتا ہے، کسی بھی کامیاب معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔