خواتین اپنے بنیادی حقوق کیلیے متحد ہوجائیں،فوزیہ صدیقی

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عافیہ موومنٹ کی رہنماڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے دنیا بھر کی خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ خواتین کے سب سے اہم معاملات و بنیادی حقوق کے حصول کے لیے اکٹھی ہوں، متحد ہوجائیں۔ عافیہ کو وطن واپس لا کر ملک بھر کی خواتین کا مقام و مرتبہ اور وقار بلند کیا جائے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ تمام خواتین جو ناجائز طور پر قید ہیں، جن کی عزت اور وقار کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، جنہیں زبردستی اپنے خاندانوں سے الگ کیا گیا ہے۔وہ تمام خواتین جو اپنی پسند کے خلاف شادی کرنے یا قرآن مجید سے شادی کرنے پر مجبور ہیں اپنے حقوق کے دفاع کیلیے ایک ہو جائیں۔وہ یوم خواتین کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمیناراور ویبینار سے خطاب، مختلف تقاریب اور آن لائن اجلاسوں سے گفتگو کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ عافیہ پاکستان کی ایک ہونہار بیٹی ہے، جس کی واحد خواہش یہ تھی کہ وہ پاکستانی معماروں کو اقوام عالم کے ہم پلہ نظام تعلیم دے کر علم حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے۔ پھر بھی اسے اپنی ہی حکومت میں اغوا کر لیا گیا، جسمانی اور ذہنی اذیتیں دی گئیں، اپنے معصوم بچوں سے الگ کر دیا گیا اور اب وہ حکمرانوں کی بے حسی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ عافیہ موومنٹ ایک چھتری نما تنظیم کی طرح ہے جو دنیا کے ہراس فردا ور تنظیم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے جو امن، مساوات، انصاف اور سب کے لیے آزادی کی خواہاں ہے۔ عافیہ موومنٹ کی بنیاد سیاست نہیں بلکہ اصولوں پر رکھی گئی ہے اور جس کا ہدف انسانیت کو یکجا کرنا ہے۔