مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم

365
اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کھانے پینے کی اشیاء پر زر تلافی دینے کے حوالے سے اجلاس کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں ۔وزیر اعظم کی زیر صدارت معاشرے کے مستحق اور غریب افراد کو غذا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری میں براہ راست سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔عمران خان نے کہا کہ حکومت کو ملکی معاشی حالات کے باعث غریب افراد پر پڑنے والے بوجھ کا مکمل احساس ہے ،عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ذمے داری ہے، ہمیں اپنی ذمے داری کا مکمل احساس ہے اور ہم اس کو پورا کرنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔وزیرعظم کا کہنا تھاکہ سبسڈی کا شفاف اور مؤثر استعمال موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔علاوہ ازیں پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ابھی سے ہمارے سینیٹرز کو آفرز آنا شروع ہوگئی ہیں،مجھے پتا ہے کس سینیٹر کو کیا آفر آئی۔عمران خان نے ترجمانوں کو اپوزیشن کے پیسے کے بیانیے کو اْجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کا کردار متنازع رہا، ڈسکہ الیکشن میں بھی الیکشن کمیشن نے یہی کیا۔ وزیراعظم کے بقول ایک نااہل شخص نے پیسے کے زور سینیٹ الیکشن جیتااور اب چیئرمین سینیٹ کے خواب دیکھ رہاہے،یوسف رضا گیلانی نے اخلاقیات کی دھجیاں اْڑائیں، قوم ان کی حرکتیں دیکھ رہی ہے، کرپشن اور پیسے کے سیاست میں استعمال کاعملی مظاہرہ گیلانی کی جیت میں دیکھ لیا۔عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کرپٹ نظام کی محافظ ہے، کرپٹ ٹولہ کرپٹ شخص کوایوان بالاکے سب سے بڑے منصب پرمنتخب کرانے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہماری پٹیشنز کو کسی خاطرمیں نہیں لایا گیا۔وزیراعظم نے ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ پی ڈی ایم کے خلاف مزید فعال ہوں، سینیٹ الیکشن پرپیسے کے استعمال پرحکومتی بیانیہ کو اجاگرکیا جائے۔