پی ڈی ایم نے گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کردیا

283

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری، محمود خان اچکزئی ،آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، ساجد میر، میاں افتخار حسین، یوسف رضاگیلانی، شاہد خاقان عباسی، راجا پرویز اشرف بھی شریک ہوئے،سابق وزیراعظم نواز شریف لندن سے ورچوئلی شریک ہوئے۔ اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مشترکہ امیدواروں، لانگ مارچ کی تیاری و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال اور مجموعی ملکی سیاسی حالات پر غور کیا گیا ۔اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے لیے قائم خصوصی کمیٹی نے سفارشات پیش کیں، سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع کیا جائے، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے، تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کے لیے پوری طرح متحرک ہوں، تمام جماعتیں اپنے اخراجات خود برداشت کریں گی۔ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ لانگ مارچ کے لیے لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے ایک مشترکہ نظم تیار کیا جائے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے، دھرنے کے مقام پر شرکا کے پہنچنے سے قبل انتظامات کیے جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ 4 روز بعد چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہونا ہیے،ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر ایک اور فتح اپنے نام کریں، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے روڈ میپ کے ساتھ کمٹڈ ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد حکومت کا حصول نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار کا خاتمہ ہے، یوسف رضا گیلانی کو شاندار کامیابی پر مبارکاد پیش کرتا ہوں،یوسف رضا گیلانی کی کامیابی نے حکمرانوں کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں،یوسف رضا گیلانی کے نام پرمسلم لیگ (ن) ساتھ دے گی۔