کراچی: گرمیوں میں بجلی کے ساتھ گیس کی بھی لوڈشیڈنگ

212

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں بجلی کے ساتھ ساتھ گیس کی لوڈشیڈنگ بھی معمول بن گئی، شہری سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی کراچی کے عوام بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے دہرے عذاب کا شکار ہوگئے، ایس ایس جی سی کی جانب سے شہر میں 6 سے 8 گھنٹے گیس کی لوڈشیڈنگ کی جار ہی ہے۔ رہائشی علاقوں میں بجلی اور گیس کی عدم فراہمی سے معمولات زندگی سخت متاثر ہو رہے ہیں، گھروں میں گیس نہ آنے کی وجہ سے ہوٹلوں پر لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ شہر میں بجلی کی صورتحال بھی خراب ہے، موسم گرما کے آغاز سے ہی بجلی کی 6 سے 7 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ایف بی ایریا، پاپوش نگر، لانڈھی، سائٹ، کورنگی، بلال کالونی، اورنگی ٹاؤن، شیر شاہ، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد، گلشن معمار، نیو کراچی، گلزار ہجری اور دیگر علاقوں میں2 سے ڈھائی گھنٹے کی 3 بار لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اکثر علاقوں میں مرمت کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے، شکایت کرنے پر کے الیکٹرک کا عملہ مقامی فالٹ بتاتا ہے۔